ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ٹمکورو: جلی ہوئی کار میں بازیافت ہوئیں تین لاشیں - پولیس نے کیا چھ افراد کو گرفتار

ٹمکورو: جلی ہوئی کار میں بازیافت ہوئیں تین لاشیں - پولیس نے کیا چھ افراد کو گرفتار

Sat, 23 Mar 2024 16:50:09    S.O. News Service

ٹمکورو ، 23 / مارچ (ایس او  نیوز) ٹمکورو کے کوچنگی تالاب میں ایک جلی ہوئی کار ملی جس کے اندر بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی لاشیں بازیافت ہوئی ہیں۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے دن دوپہر میں گاوں کے لوگوں نے ایک جلی ہوئی کار نظر آنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تو کورا پولیس اسٹیشن کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی ۔ معائنہ کرنے پر جلی ہوئی حالت میں کار کی ڈِکّی سے دو لاشیں اور پچھلی سیٹ پر ایک لاش بازیافت ہوئیں جن کی شناخت شاہ الحمید (45 سال)، اسحاق (56 سال) اور امتیاز (34 سال) کے بطور کی گئی ہے ۔ بعض ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس معاملے میں تفتیش کے لئے کورا پولیس نے چھ افراد کو حراست میں لیا جس کے بعد کلیدی ملزم ٹمکورو کے رہنے والے سوامی سمیت اس کے پانچ ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا ۔
    
سمجھا جاتا ہے کہ شرپسندوں نے پہلے ان تین افراد کو قتل کیا ہوگا اور پھر ان کی لاشیں کار میں ٹھونسنے اور کار کو آگ لگانے کے بعد اسے تالاب میں دھکیلا ہوگا ۔ مشتبہ طور پر جلی ہوئی حالت میں جن افراد کی لاشیں بازیافت ہوئی ہیں ان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ انہوں اپنے گھر والوں کو کسی کام کی وجہ سے بینگلورو جانے کی بات بتائی تھی ۔ ان لوگوں کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ بھی نہین ہے ۔ شاہ الحمید ایک آٹو ڈرائیور تھا جبکہ اسحاق گلف سے واپس لوٹنے کے بعد چھوٹا موٹا رئیل ایسٹیٹ کا دھندا کرتا تھا ۔ اسی طرح امتیاز بھی جگہ کی دلالی کا کام کرتا تھا ۔
    
جلی ہوئی کار کے مالک رفیق نے بتایا کہ اسحاق نے کسی کام کے سلسلے میں سفر کرنے کے لئے اس سے کار مانگی تھی ۔ اس نے دوستی میں اپنی کار اسحاق کو دی تھی ۔ کار واپس نہ لوٹانے پر جمعرات کی شام میں اس نے اسحاق کو فون کیا تو اس نے بتایا تھا کہ کام پورا نہ ہونے کی وجہ سے کچھ تاخیر ہوئی ہے ، جمعہ کی شام تک واپس لوٹ آئے گا ۔ وہ کس کام سے باہر گیا ہوا تھا اس سلسلے میں کوئی بات اس نے نہیں بتائی تھی ۔
    
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کے وی، ایڈیشنل ایس پی مریپّا، قادر، ڈی وائی ایس پی چندراشیکھر، دیہی پولیس انسپکٹر امبریش گوڈا اور دیگر اہلکاروں نے بھی جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔ کورا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور فارنسک  ماہرین کی مدد سے تحقیقات جاری ہے ۔


Share: